http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 22 January, 2006, 16:05 GMT 21:05 PST

مردہ وہیل کا تجزیہ کیا جائے گا

آبی جانوروں کے ایک ماہر دریائے ٹیمز میں پھنسنے والی اس وہیل کا پوسٹ مارٹم کر رہے ہیں جو اسے واپس سمندر میں پہچانے کے لیے کی جانے والی سات گھنٹے کی مسلسل کوششوں کے باوجود ہلاک ہو گئی تھی۔

اٹھارہ فٹ لمبی اس ’باٹل نوز وہیل‘ کی ٹیمز میں موجودگی کے بعد ٹیمز کے ’بیٹر سی‘ پل کے نزدیک ایک خصوصی’پنٹنون‘ میں رکھا گیا تھا جہاں سے اسے کشتی کے ذریعے سمندر کے گہرے پانی میں لے جا کر چھوڑنے کے لیے لے جایا رہا تھا تاہم اس سفر کے دوران وہ ہلاک ہو گئی۔

سفر کے دوران ماہرین کی ایک ٹیم مسلسل وہیل کی صحت کا جائزہ لیتی رہی۔ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے وہیل کا الٹراساؤنڈ بھی کیا اور اسے متعدد انجکشن بھی لگائے تھے تاہم انہوں نے یہ خدشہ ظاہر کر دیا تھا کہ اس کی حالت تسلی بخش نہیں اور اس کے سانس کا نظام مکمل طور پرصحیح کام نہیں کر رہا۔

زولوجیکل سوسائٹی آف لندن کے پال جیسن کا کہنا ہے کہ اس بات کا بھی جائزہ لیا جائے گا کہ وہیل آخر کس طرح بھٹک کر سمندر سے ٹیمز میں آ گئی۔

سنیچر کو لندن کے شہریوں کی ایک بڑی تعداد وہیل کے اس سفر کو دیکھنے کے لیے دریائے ٹیمز کے پلوں پر جمع تھی جب کہ لاکھوں لوگوں نے اس سارے سفر کو مسلسل کئی گھنٹے تک ٹیلی ویژن پر دکھائی جانے والی براۂ راست نشریات کے ذریعے دیکھا۔

اس سے پہلے کچھ فطرت پسندوں نے اس بات پر اعتراض کیا تھا کہ وہیل کو اس طرح لے جایا جانا غلط ہے کیونکہ وہیل کو اپنے ارد گرد کھلی جگہ درکار ہوتی ہے۔