http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 22 January, 2006, 21:17 GMT 02:17 PST

پولیس رضاکاروں کی لاشیں برآمد

عراق میں سکیورٹی حکام نے کہا ہے کہ انہوں نے تیئس پولیس رضاکاروں کی لاشیں برآمد کر لی ہیں جنہیں گزشتہ ہفتے اغواء کر لیا گیا تھا۔

سکیورٹی حکام کے مطابق ان تیئس پولیس رضاکاروں کی لاشیں بغداد کے قریب ایک کھلی جگہ سے ملیں ہیں۔

پولیس کے یہ تیئس رضاکار ان پچاس رضاکاروں کے گروپ میں شامل تھے جو گزشتہ بدھ کو پولیس کے تربیتی مرکز میں داخلہ نہ ملنے پر بس کے ذریعے بغداد سے سمارا واپس جا رہے تھے۔

پولیس کے مطابق چند دن پہلے جن تیرہ افراد کی لاشیں ملیں تھیں ان کا تعلق بھی اسی گروپ سے تھا۔

بغداد کے شمال مشرق میں واقع بلاد روز کے قصبے میں ایک پولیس آفیسر کے چار بچے اس وقت ہلاک ہو گئے جب ان کے گھر پر مزاحمت کاروں نے راکٹ فائر کیا۔ بعقوبہ کے شہر میں چار پولیس والے سڑک کے کنارے نصب ایک بم کے پھٹنے سے ہلاک ہو گئے۔