Thursday, 19 January, 2006, 15:18 GMT 20:18 PST
اسرائیلی شہر تل ابیب میں ایک خود کش حملے میں حملہ آور ہلاک اور دس شہری زخمی ہوگئے۔
دھماکے سے قریبی عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پولیس کے مطابق یہ دھماکہ ایک بس اڈے کے قریب واقع شاپنگ سنٹر کے باہر ہوا اور اس میں صرف حملہ آور مارا گیا۔
خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے ایک عینی شاہد کے حوالے سے بتایا ہے کہ پولیس نے ایک شخص کو روک کر اس کی تلاشی لینے کی کوشش کی جس پر وہ شخص بھاگ کھڑا ہوا اور اس نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا لیا۔
عینی شاہد کا کہنا تھا کہ’ اچانک ایک پولیس اہلکار آیا اس نے اسے(مشتبہ شخص) کو باہر نکالا اور اس کی تلاشی لینا شروع کر دی۔ وہ شخص بھاگ کھڑا ہوا اور پانچ منٹ بعد دھماکا سنائی دیا‘۔
یہ تل ابیب میں گزشتہ برس فروری کے بعد ہونے والا پہلا خود کش بم دھماکہ تھا۔