Thursday, 19 January, 2006, 12:35 GMT 17:35 PST
فرانس کے صدر ژاک شیراک کا کہنا ہے کہ اگر فرانسیسی سر زمین پر کسی قسم کا دہشت گرد حملہ کیا گیا تو فرانس حملہ آوروں کی پشت پناہی کرنے والے ملک کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرے گا۔
فرانسیسی صدر نے یہ بات شمالی فرانس میں ایک فرانسیسی آبدوز کے دورے کے موقع پر کہی۔
اس موقع پر اپنی تقریر میں فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ فرانس پر وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے حملے کی صورت میں ان کا ملک جوہری ہتھیاروں کے استعمال کے حق محفوظ رکھتا ہے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ صدر شیراک نے دہشت گرد حملے کا جواب جوہری ہتھیاروں سے دینے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم انہوں نےاس سلسلے میں کسی مخصوص ملک کا نام نہیں لیا۔
یاد رہے کہ اس ماہ کے اوائل میں فرانسیسی حکومت نے ایران کے جوہری پوگرام پر تشویش ظاہر کی تھی اور تہران کو متنبہ کیا تھا کہ وہ اپنی جوہری تنصیبات پر تحقیق کا کام شروع نہ کرے۔