Wednesday, 18 January, 2006, 22:45 GMT 03:45 PST
عراق کی وزارت قانون نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے الزم میں گرفتار چھ عورتوں کو رہا کیا جا رہا ہے۔
عراق کی حکومت کا یہ فیصلہ خاتون امریکی صحافی کے اغوا کارروں کے مطالبے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے دھمکی دی تھی کہ اگر اگلے چار دنوں میں عراقی جیلوں میں قید خواتین کو رہا نہ کیا گیا تو وہ امریکی صحافی کو ہلاک کر دیں گے۔
عراق کی وزارت قانون نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے الزام میں آٹھ عورتیں زیر حراست ہیں اور ان میں چھ کو رہا کیا جا رہا ہے۔
عراق میں امریکی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے الزام میں گرفتار خواتین کی رہائی کے فیصلے کا تعلق امریکی صحافی کے اغوا سے نہیں ہے۔
ادھر عراق کے وزیر داخلہ بیان جابر کی بہن کو اغوا کارروں نے دو ہفتوں کے بعد رہا کر دیا ہے۔
ایک اندازے کے مطابق اس وقت چالیس کے قریب مغربی باشند ے اور سینکڑوں عراقی مزاحمت کارروں کی گرفت میں ہیں۔
بدھ کے روز عربی ٹی وی چینل الجزیرہ پر نشر دیکھائی جائی والی ایک ویڈیو میں امریکی صحافی جل کیرول کو دیکھایا گیا تھا جس کو دس روز پہلے بغداد سے اغوا کیا گیا تھا۔
وڈیو میں دعوی کیا گیا کہ اگر اگلے چار دنوں میں عراقی جیلوں میں قید خواتین کو رہا نہ کیا گیا تو وہ اس صحافی کی جان لے لیں گے۔
جل کیرول کو اس وقت اغوا کیا گیا تھا جب وہ سنی اتحاد کے لیڈر عدنان دولیمی سے ملاقات کے لیے جا رہی تھیں۔الجزیرہ ٹیلی ویژن نے بھی جل کیرول کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے