Tuesday, 17 January, 2006, 09:54 GMT 14:54 PST
امریکہ کا کہنا ہے کہ اسامہ بن لادن اور ان کے نائب ایمن الظواہری زندہ ہیں اور اسی علاقے میں کہیں رہ رہے ہیں جہاں امریکی طیارے سے میزائل حملہ ہوا تھا۔
امریکہ کے انسدادِ دہشت گردی کے سفیر ہینری کرمٹن نے کہا ہے کہ القاعدہ کے رہنما پاکستان۔افغانستان سرحد سے ملحقہ علاقوں میں کہیں رہ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ القاعدہ کے مقاصد میں ابھی بھی امریکہ، برطانیہ اور یورپ پر حملے کرنا شامل ہے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستان کے علاقے پر حملہ سی آئی اے نے کیا تھا۔ حملے کے بعد ملک بھر میں ہزاروں پاکستانیوں نے امریکی کارروائی کی مذمت کی اور امریکہ کے خلاف نعرے لگائے۔
کچھ پتہ نہیں پر زندہ ہیں |
انہوں نے کہا کہ ’ہمارے پاس کوئی انٹیلیجنس یا شواہد نہیں ہیں جن سے پتہ چلے کہ وہ (اسامہ) ہلاک ہو چکے ہیں یا کچھ بھی کرنے سے قاصر ہیں، اس لیے ہمارا خیال ہے کہ وہ ابھی تک زندہ ہیں‘۔
اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے کہا کہ اسامہ بن لادن کی طرف سے زندگی کے بھی کوئی آثار نظر نہیں آئے ’جو کہ ہماری متحدہ کامیابی کی طرف اشارہ ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’میرا خیال ہے اور میں یقیناً یہ امید کرتا ہوں کہ انہیں نو گیارہ جیسے حملوں کے منصوبے بنانے کی بجائے اپنی زندگی کی زیادہ تشویش ہو گی‘۔