Friday, 06 January, 2006, 23:10 GMT 04:10 PST
اسامہ بن لادن کے نائب اور القاعدہ نیٹ ورک کے سیکنڈ ان کمانڈ ايمن الظواہري نے کہا ہے کہ امریکہ کا عراق سے فوجیں واپس بلانے کا کوئی بھی منصوبہ دراصل اسلام کی فتح ہے۔
عربی ٹی وی چینل الجزیرہ پر نشر کیے جانے والے ایک بیان میں ايمن الظواہري نے کہا کہ امریکی صدر کو عراق میں اپنی شکست کو تسلیم کر لینا چاہیئے۔
امریکی صدر بش نے حال ہی میں کہا تھا کہ ان کا منصوبہ ہے کہ سکیورٹی کا کنٹرول عراقی انتظامیہ کے حوالے کر دیا جائے۔ تاہم انہوں نے عراق سے امریکی فوجیوں کے واپس جانے کے کسی شیڈول کا اعلان نہیں کیا۔
الظواہری کا یہ بیان ایک ویڈیو ٹیپ میں الجزیرہ کے پاس پہنچا تھا۔
ویڈیو میں الظواہري ایک پردے کے سامنے بیٹھے ہوئے دکھائےگئے ہیں اور اس طرح یہ اندازہ لگانا ناممکن ہے کہ انہوں نے یہ بیان کہاں پر ریکارڈ کروایا ہے۔
الجزیرہ کا کہنا ہے کہ یہ ٹیپ انہیں دسمبر میں ملا تھا۔
بی بی سی کے سکیورٹی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ یہ پیغام ايمن الظواہري کے تازہ ترین پیغامات کا ایک حصہ ہے۔ گزشتہ ایک سال سے القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کی طرف سے کوئی پیغام نشر نہیں کیا گیا ہے۔