Thursday, 29 December, 2005, 17:37 GMT 22:37 PST
عراقی حکام کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں نے بارہ شیعہ مسلمانوں کو ان کے گھروں میں داخل ہو کر قتل کر دیا ہے۔
مقتولین کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا گیا ہے جو کہ بغداد کے جنوب میں بیس میل کے فاصلے پر واقع سنی آبادی کے قصبے لطیفیہ میں رہائش پذیر ہے۔
عراقی فوج کے کپتان ابراہیم عبداللہ نے بتایا کہ ’مسلح افراد جمعرات کی صبح لطیفیہ کے تین گھروں میں داخل ہوئے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’انہوں نے بیس سے چالیس سال کی عمر کے بارہ مردوں کو پکڑ لیا اور انہیں ایک وین میں لے گئے جہاں انہیں مشین گن سے بھون ڈالا‘۔
اس واقعے کی تفصیلات اور اس میں ملوث لوگوں کے بارے میں مختلف رپورٹیں سامنے آ رہی ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق مقتولین کی تعداد چودہ ہے جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔
رائٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق یہ قتل ایک گھر کے اندر ہوئے جن میں حملہ آوروں نے گیارہ مردوں اور عورتوں کے گلے کاٹ دیے۔
رائٹرز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ اس خاندان کو پہلے دھمکیاں بھی دی گئی تھیں اور کہا گیا تھا کہ وہ سنی اکثریت والے علاقے سے ہی نکل جائیں لیکن انہوں نے اس پر عمل نہ کیا۔
حکام کے مطابق جمعرات کو ہی ایک خود کش حملہ آور نے بغداد کی وزارت داخلہ کے قریب ایک ناکے پر حملہ کر کے چار پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا۔
پولیس کے مطابق حملہ آور پولیس کی وردی میں ملبوس تھا اور اس نے پولیس کی گاڑی کے قریب پہنچتے ہی بم دھماکہ کر کے خود کو اڑا دیا۔