Sunday, 25 December, 2005, 00:53 GMT 05:53 PST
روس نے ایران کو باضابطہ پیشکش کی ہے کہ وہ اپنے جوہری پروگرام کے لیے یورینیم اس سے افزودہ کروا سکتا ہے۔
ایران کو یورینیم کی افزودگی کی غیر رسمی پیشکش کئی ہفتے پہلے کی گئی تھی جس کو اس نے مسترد کر دیا تھا۔
امریکہ اور یورپی یونین ایران کو ایٹمی ہتھیار کی تیاری میں استعمال ہونے والا ایندھن بنانے سے باز رکھنا چاہتے ہیں۔
امریکہ الزام لگاتا رہا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ ایران امریکی الزام کی تردید کرتا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن ایٹمی مقاصد کے لیے ہے۔
یورپی یونین کے تین ممالک، برطانیہ، فرانس اور جرمنی ایران کے جوہری پروگرام کے معاملے پر بات چیت کر رہے ہیں اور روس سے یورینیم کی افزودگی کی پیشکش انہیں کوششوں کا حصہ ہے۔
ایران نے یورینیم کی افزودگی کا پروگرام وقتی طور معطل کیا ہوا اور لیکن وہ کئی دفعہ دھمکی دے چکا ہے کہ یوریینم کی افزودگی کا کام دوبارہ شروع کردے گا۔
ایران کا اصرار ہے کہ ایٹمی توانائی کا حصول اس کا حق ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔