Friday, 23 December, 2005, 11:05 GMT 16:05 PST
حکام کے مطابق شمالی سری لنکا میں بارودی سرنگ پھٹنے سے سری لنکن بحریہ کے کم از کم تیرہ ملاح ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ چار شدید زخمی افراد کو ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔
سری لنکن فوج کا کہنا ہے کہ ضلع منار میں بحریہ کی ایک بس اور ایک ٹرک کے نزدیک ایک بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا۔ یہ ’ کلے مور فریگمنٹیشن ‘ قسم کی بارودی سرنگ تھی۔
سری لنکن بحریہ کے ترجمان کمانڈر جیانتھا پریرا کا کہنا ہے کہ ’ ہم مرنے والوں کی بالکل صحیح تعداد کے بارے میں ابھی نہیں جانتے تاہم اب تک ہم نے بارہ لاشیں برآمد کر لی ہیں‘۔
اگر ان ہلاکتوں کی تصدیق ہو جاتی ہے تو یہ 2002 میں جنگ بندی کے بعد سے کسی ایک واقعہ میں مرنے والوں کی سب سے بڑی تعداد ہو گی۔
وزارتِ دفاع کے مطابق بس میں تیس کے قریب ملاح سوار تھے۔ سری لنکا کی وزارتِ دفاع کے ایک افسر نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے تامل باغیوں کو اس دھماکے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
اس سے قبل جمعرات کو بھی سری لنکن بحریہ اور تامل باغیوں کے مابین جھڑپیں ہوئی تھیں جن میں بحریہ کے تین جوان ہلاک ہوگئے تھے۔ تامل باغیوں نے بھی ان ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
تامل باغیوں نے جمعرات کو ہونے والی جھڑپوں کے سلسلے میں ان حکومتی الزامات کی بھی تردید کی ہے کہ باغیوں نے بحریہ کی گشتی کشتیوں پر حملہ کیا بلکہ ان کا کہنا ہے کہ بحریہ کے جوانوں نے پہلے تامل باغیوں پر گولیاں چلائی تھیں۔
جنگ بندی کے مبصرین کا کہنا ہے کہ جنگ بندی معاہدے کے تحت تامل باغیوں کو اس علاقے میں جانے کی اجازت نہیں جہاں یہ جھڑپ ہوئی۔