http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 17 December, 2005, 13:12 GMT 18:12 PST

چیچنیا میں تابکاری کا انتباہ

چیچنیا میں وکلائے استغاثہ نے ایک کیمیائی کارخانے میں تابکاری کے خطرناک حد تک بڑھنے کے بعد تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ان تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ اس تابکاری سے دارالحکومت گروزنی اور اس کے علاقے کو خطرہ ہے کیونکہ ایک مقام پر تابکاری کی سطح معمول کے برخلاف پچاسی ہزار گنا زائد ہے۔

اس کے علاوہ یہ خطرہ بھی محسوس کیا جا رہا ہے کہ شدت پسند تابکاری فضلہ نام نہاد ڈرٹی بم بنانے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔

کہا جاتا ہے کہ اس کیمیاوی کارخانے کو 1999 کی بمباری میں روسی حملے کے دوران نشانہ بنایا گیا تھا اور اس کے بعد سے اب تک اس کی مرمت کا کام نہیں ہو سکا۔

چیچنیا میں باغی کئی سال سے روسی افواج کے خلاف لڑائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ان باغیوں پر ماسکو میں بم حملے، ایک روسی طیارے پر حملے، بسلان میں ایک سکول کے بچوں کو اور ماسکو میں تھیٹر دیکھنے والوں کو یرغمال بنانے کا الزام ہے۔

وکلاء کا کہنا ہے کہ کیمیکل فیکڑی میں ایسا کیمیائی مادہ نامناسب طریقے سے رکھا گیا تھا کے اس سے پیدا ہونے والے تابکاری کو روکا نہیں جا سکتا تھا۔

یہ کیمیکل فیکڑی گروزنی میں واقع ہے اور اسے چیچن آئل اینڈ کیمیکل انڈسٹری چلاتی ہے۔