Friday, 16 December, 2005, 11:57 GMT 16:57 PST
امریکہ میں ایک چاہنے والے نے اپنی محبوبہ کی بے رخی سے مایوس ہوکر اس کے لیے خریدی ہوئی پندرہ ہزار ڈالر مالیت کی منگنی کی انگوٹھی ایک اجنبی کی گاڑی میں رکھ دی۔
انگوٹھی کے ساتھ ایک پیغام میں دکھی دل والے نے کہا ہے کہ’میرا محبوب مجھے چھوڑ کر جا چکا ہے اس لیےاب اس انگوٹھی کی اصل جگہ آپ کے محبوب کے ہاتھوں میں ہے‘۔
یہ انگوٹھی بوسٹن کے شمال میں اڑتالیس کلومیٹر دور واقع ویسٹ بارو کی ایک گاڑی میں ملی اور گاڑی کے مالک نے اس کی قیمت معلوم کرنے کے بعد پولیس کو اس بارے میں اطلاع دی۔
پولیس کے لیفٹیننٹ پال ڈونلے نے میڈیا کو بتایا کہ ایسے واقعات عموما بہت کم پیش آتے ہیں۔ جن کے بارے میں ہم واقعی نہیں جانتے۔
بند ڈبے میں رکھی وائٹ گولڈ کی یہ انگوٹھی جس میں تین ہیرے جڑے ہیں ویسٹ بارو کے ٹرین سٹیشن کے قریب پارک کی گئی گاڑی میں ملی ہے۔
اس اجنبی پیغام میں گاڑی کے مالک کو مخاطب کرکے کہا گیا ہے کہ ’میری کرسمس۔ گاڑی کو لاک نہ کرنے پر آپ کا شکریہ۔ آپ کی گاڑی چوری کرنے کی بجائے میں آپ کو ایک تحفہ دے رہا ہوں۔ جس کی جگہ آپ کے محبوب کے ہاتھوں میں ہے۔ آپ کو کرسمس کی مبارکباد۔‘