Sunday, 11 December, 2005, 11:23 GMT 16:23 PST
پولینڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ ان دعوؤں کی تحقیق کرے گا کہ امریکی خفیہ ادارہ سی آئی اے پولینڈ میں خفیہ جیلیں اور تفتیشی مراکز چلاتا رہا ہے۔
پولینڈ کے وزیرِاعظم کازمیرز مارکن کائیوکز کا کہنا ہے کہ اس معاملے کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔ پولینڈ کی حکومت اس قسم کے تفتیشی مراکز کی موجودگی سے انکار کرتی رہی ہے۔
پولش وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے عمل میں ان تمام ممکنہ مقامات کا جائزہ لیا جائےگا جہاں سے ان الزامات کی تصدیق کے کسی بھی ثبوت کے ملنے کی امید ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ’یہ معاملہ اب ختم ہونا چاہیے کیونکہ یہ پولینڈ کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے‘۔
اس سے قبل پولش وزیرِاعظم نے کہا تھا کہ ان کا ملک کونسل آف یورپ کی تحقیقاتی ٹیم کو اس معاملے کی تفتیش کی اجازت دے گا۔
وارسا میں بی بی سی کے نمائندے ایڈم ایسٹن کا کہنا ہے گزشتہ چند دنوں میں پولینڈ کی حکومت پر دباؤ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ پولینڈ کے متعدد اخبارات نے اس معاملے پر خبریں شائع کی ہیں جن میں سے ایک میں امریکی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کے ترجمان کا بیان بھی چھاپا گیا ہے جس میں ترجمان نے کہا ہے کہ پولینڈ مشتبہ افراد سے تفتیش کا اصل مرکز تھا۔
ایک اور اخبار میں کہا گیا ہے کہ یہ تفتیشی مراکز گزشتہ ماہ شائع ہونے والی خبروں کے بعد ہی بند کیے گئے ہیں۔