Tuesday, 06 December, 2005, 09:17 GMT 14:17 PST
سری لنکا میں حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے شمالی حصے میں بارودی سرنگ پھٹنے سے کم از کم سات فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق یہ فوجی جافنا کے قصبے میں معمول کے گشت پر تھے کہ بارودی سرنگ پھٹ گئی۔ یہ ایک ’ کلے مور‘ بارودی سرنگ تھی۔
فوج کے ترجمان بریگیڈئر نلن ودا رانا جی نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا’ فوجی معمول کے آپریشن کے بعد ایک ٹریکٹر پر واپس آرہے تھے کہ دھماکہ ہوا‘۔
سری لنکا کی حکومت نے تامل باغیوں کو اس دھماکے کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ تاہم ابھی تک کسی گروہ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے
اگرچہ سری لنکا کے شمال اور مشرق کا علاقہ تامل باغیوں کے قبضے میں ہے تاہم جزیرہ نما جافنا پر سری لنکن فوج کا کنٹرول ہے۔
سری لنکا میں یہ ایک ہفتے کے دوران دوسرا واقعہ ہے کہ بارودی سرنگ پھٹنے سے فوجی مارے گئے ہوں۔ اس سے قبل اتوار کو جزیرہ نما جافنا کے شمال میں بارودی سرنگ پھٹنےسے چھ فوجی ہلاک ہوئے تھے۔