Monday, 28 November, 2005, 01:24 GMT 06:24 PST
حکام کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد میں چار مغربی امدادی کارکن اغوا کر لیے گئے ہیں۔
ایک سینیئر کینیڈین اہلکار نے اس بات کی تصدیق کی کہ کینیڈا کے دو باشندے اغوا کیے جانے والے لوگوں میں شامل ہیں۔
برطانیہ کی وزارتِ خارجہ نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اغوا ہونے والوں میں برطانیہ کا بھی ایک امدادی کارکن شامل ہے۔
چوتھے شخص کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ امریکی ہے لیکن آخری خبریں آنے تک اس کی تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔
ایک اندازے کے مطابق گزشتہ ڈیڑھ سال میں دو سو کے قریب غیر ملکی اغوا کیے جا چکے ہیں۔
اکتوبر میں عراق میں موجود القاعدہ کے گروہ نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے مراکش کے سفارتخانے کے دو اہلکار اغوا کیے تھے۔
اکتوبر میں ہی برطانوی اخبار گارڈین کے رپورٹ روری کیرول کو بندوق کے زور پر بغداد کے صدر سٹی سے اغوا کیا گیا تھا لیکن چھتیس گھنٹے کے بعد انہیں چھوڑ دیا گیا تھا۔
اگست میں امریکی فری لانس صحافی سٹیون ونسنٹ کو بصرہ میں اغوا کرنے کے بعد گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔