http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 28 November, 2005, 05:08 GMT 10:08 PST

ناکامی پرعالمی ادارے کی ندامت

عالمی ادارۂ صحت (ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن یعنی ڈبلیو ایچ او) کے ایچ آئی وی/ایڈز کے سربراہ نے وائرس کے علاج کے لیے اپنے عالمی ٹارگٹ پورے نہ کر سکنے پر معذرت کا اظہار کیا ہے۔

دو سال پہلے شروع کیے جانے والے ڈبلیو ایچ او کے پروگرام کا نام ’تھری ٹو فائیو‘ تھا اور اس کے مقاصد میں اس سال کے آخر تک غریب ممالک کے تیس لاکھ لوگوں کو ایڈز کی ادویات، یا اینٹی ریٹرووائرلز مہیا کرنا شامل تھا۔

اس پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر کم یونگ کم نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ پروگرام نے زیادہ کچھ حاصل نہیں کیا۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ پروگرام ناکام نہیں ہوا ہے۔
اقوامِ متحدہ نے ایک ہفتے قبل ہی ایچ آئی وی / ایڈز کے متعلق رپورٹ پیش کی تھی

بی بی سی کی نامہ نگار میڈیلین مورس کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے پروگرام کے سربراہ نے کہا کہ ’میں صرف معافی مانگ سکتا ہوں۔ میرے خیال میں ہمیں یہ قبول کرنا چاہیئے کہ ہم نے کافی کچھ نہیں کیا اور ہم نے بہت دیر سے کام کا آغاز کیا‘۔

اس سال جون میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے اعلان کیا تھا کہ ادارہ جن تیس لاکھ افراد کی مدد کرنا چاہتا تھا ان میں سے صرف دس لاکھ افراد کو ہی اینٹی ریٹرووائرلز مہیا کی جا سکیں۔

گزشتہ ہفتے اقوامِ متحدہ کی طرف سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق پوری دنیا میں اس وقت چار کروڑ افراد ایچ آئی وی وائرس کا شکار ہیں۔