Sunday, 27 November, 2005, 13:47 GMT 18:47 PST
شمالی عراق کے شہر کرکوک میں آٹھ افراد کو عراق کے معزول رہنما صدام حسین پر مقدمہ بنانے والے جج کے قتل کی سازش کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ان لوگوں کو چار روز قبل گرفتار کیا گیا ہے اور ان کے پاس عزت الدوری کا ایک خط تھا جس میں انہیں کہا گیا تھا کہ صدام کے خلاف مقدمے بنانے والے رعد جوہی کو قتل کر دیا جائے۔
عزت ابراہیم الدوری صدام حسین کے انتہائی قریبی ساتھیوں سے ہیں۔
ان گرفتاریوں کا اعلان کرنل انوار کھدر محمد نے بغداد میں صدام حسین پر مقدمہ کی سماعت شروع ہونے کے ایک روز قبل کیا ہے۔
مسٹر جوہی ان چند حکام میں سے ہیں جو اس مقدمے کی تیاری میں شامل ہونے کے لیے کھل کر سامنے آئے ہیں۔