Tuesday, 22 November, 2005, 11:38 GMT 16:38 PST
عراق میں سنیچر کو کی جانے والی کارروائی کے دوران ہلاک کیے جانے والے لوگوں کے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں تا کہ ان میں اسامہ بن لادن کے اہم ساتھی ابو مصعب الزرقاوی کے ہونے یا نہ ہونے کا تعین کیا جا سکے۔
عراقی وزیر خارجہ ہشیار زبیری نے ان طبی تجزیوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں سے کئی کے طبی نمونے حاصل کیے گئے ہیں۔
لیکن عراق میں امریکہ کے سفیر زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ انہیں ان اطلات پر یقین نہیں کہ سنیچر کو موصل میں ہونے والی کارروائی میں جن لوگوں کو ہلاک کیا گیا ہے ان میں ابو مصعب الزرقاوی بھی ہو سکتے ہیں۔
اسی دوران عراق میں ایک سابق صدارتی محل کو عراقی انتظامیہ کے حوالے کرنے کے لیے ہونے والی تقریب پر ایک گولہ پھینکا گیا جس کی وجہ سے تقریب کچھ دیر کے لیے درہم برہم ہو گئی۔
حملے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اس تقریب میں امریکی سفیر زلمے خلیل زادے بھی شریک تھے۔