Monday, 21 November, 2005, 12:29 GMT 17:29 PST
عراق کے صدر جلال طالبانی پیر کو ایران کے پہلے سرکاری دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔ گزشتہ چالیس سال میں وہ ایران کا دورہ کرنے والے پہلے عراقی سربراہ مملکت ہیں۔
اپنے دورے کے دوران جلال طالبانی ایران کےصدر احمدی نژاد کے علاوہ وزراء اور سکیورٹی حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔
ایران کے ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ طالبانی شاید ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ علی خامنہ ای سے بھی ملاقات کریں۔
عراق کی شیعہ اکثریت کی حکومت اور ایران کے درمیان تعلقات خاصے خوشگوار تصور کیے جاتے ہیں لیکن امریکہ اور عراقی حکام ایران پر یہ الزام لگاتے آئے ہیں کہ وہ عراق میں داخل ہونے والے مزاحمت کاروں کو روکنے کے
لیے مناسب اقدامات نہیں کر رہا ہے تاہم ایران اس الزام کی سختی سے تردید کرتا رہا ہے۔