http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 19 November, 2005, 18:12 GMT 23:12 PST

انڈونیشیا کے ساحل پر زلزلہ

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق انڈونیشیا کے ساحل پر چھ اعشاریہ پانچ کی شدت کا زلزلے آیا ہے تاہم ابتدائی اطلاعات میں تباہی یا کسی کے ہلاک ہونے کے بارے میں کوئی خدشہ نہیں ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ زلزلہ انڈونیشیا کے جزیرے سوماٹرہ سے دو سو پچپن کلومیٹر دور پر سمندر کی سطح سے تیس کلومیٹر نیچے آیا لیکن فوری طور پر کسی سونامی کی وارننگ نہیں جاری کی گئی ہے۔

اس علاقے میں دسمبر دو ہزار چار میں آنے والے ایک زلزلے سے پیدا ہونے والی سونامی کی لہروں سے تیرہ ممالک میں کم سے کم دو لاکھ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ لاکھوں ہلاکتیں صرف انڈونیشیا میں ہوئی تھیں۔
پیسیفِک میں واقع امریکی سونامی وارننگ سینٹر نے کہا ہے کہ سنیچر کے زلزلے سے مقامی سطح کی سونامی کی لہریں پیدا ہوسکتی ہیں۔ سونامی سمندر میں آنے والے زلزلے سے پیدا ہونے والی لہروں کو کہا جاتا ہے۔

آج کے زلزلے کے ایک گھنٹے بعد جکارتہ کے میٹریولوجی اینڈ جیوفزکس ایجنسی میں ایک اہلکار نے بتایا کہ سونامی کی کوئی رپورٹیں نہیں ملی ہیں۔ سوماٹرہ کے دارالحکومت میڈان میں ایک صحافی نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ زلزلہ ’مختصر وقفے‘ کے لیے محسوس کیا گیا۔

انڈونیشیا زمین کے براعظمی پلیٹوں کے اس ملاپ پر واقع ہے جہاں زلزلے کے امکانات برقرار رہنے کی وجہ سے اسے ’آتشی دائرہ‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ گزشتے ہفتے ہی انڈونیشیا کی حکومت نے سونامی وارننگ کے ایک نظام کا افتتاح کیا ہے۔