http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 15 November, 2005, 08:50 GMT 13:50 PST

غزہ سرحد کھولنے کا معاہدہ

اسرائیل اور فلسطین کے درمیان غزہ کی سرحد کواسرائیل اور مصر کے ساتھ دوبارہ کھولنے کے لیے معاہدہ طے پا گیا۔

امریکہ کی وزیر خارجہ کونڈولیزا رائس نے کہا ہے کہ رفاہ کی کراسنگ پچیس نومبر کو کھل جانی چاہیے ۔یہ پہلی دفعہ ہو رہا کہ رفاہ کراسنگ کی نگرانی فلسطینی اتھارٹی کے سپرد ہو گی۔

امریکی وزیر خارجہ کونڈولیزا رائس نے یروشلم میں اسرائیلی اور فلسطینی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں اور وہاں اپنے قیام میں توسیع کر دی ہے تاکہ اسرائیل اور فلسطین میں ہونے والے معاہدے کی تفصیلات طے کی جا سکیں۔

اسرائیل کی طرف سے غزہ سے اپنے فوج اور یہودی آبادکاروں کو ہٹانے کے فیصلے کے بعد امریکی وزیر خارجہ کا یہ پہلا اسرائیلی دورہ ہے۔

خیال کیا جاتا ہے کہ سرحد کو کھولنے سے غزہ کی معیشت پر مثبت اثرات پڑیں گے ۔ اس معاہدے کے تحت فلسطینی باشندے مہینے میں ایک مرتبہ بسوں کے قافلوں میں غزہ اور غرب اردن کے علاقے میں سفر کر سکیں گے۔

اس معاہدے کے تحت فلسطینی اتھارٹی غزہ کے لیے ایک بندرگاہ قائم کر سکے گی اور ہوائی اڈے کی تعمیر کے لیے بھی بات چیت شروع کی جا سکے گی۔

اس معاہدے کے تحت فلسطینی باشندے غرب اردن کا علاقے میں، جو اب بھی اسرائیل کی تحویل میں ہے، سفر کر سکیں گے۔