http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 10 November, 2005, 14:40 GMT 19:40 PST

ترکی میں حجاب پر پابندی کی تائید

انسانی حقوق کے لیے یورپی عدالت نے ترکی کی یونیورسٹیوں میں اسلامی طریقے سے سر ڈھانپنے پر لگائی جانے والی پابندی کی تائید کی ہے۔

عدالت نے ایک خاتون کی جانب سے اسلامی طریقۂ حجاب پر اس پابندی کے خلاف کی جانے والی یہ اپیل مسترد کر دی کہ اس پابندی سے اس کا تعلیم حاصل کرنے کا حق متاثر ہوتا ہے اور وہ امتیاز کا نشانہ بنتی ہے۔

لیلیٰ ساہن نے یہ اپیل 1998 میں سکارف لینے کی بنا پر کلاس سے نکالے جانے کے بعد کی تھی۔ وہ استنبول یونیورسٹی کی طالبہ تھیں۔

لیکن عدالت نےاس بارے میں اپنی رولنگ میں کہا ہے کہ سکارف لینے پر لگائی جانے والی پابندی بجا ہے کیونکہ یہ امن اور کسی ایک مذہب کو ترجیح دینے سے بچنے کیلیے نا گزیر ہے۔

ترکی اگرچہ مسلم اکثریت کا ملک ہے لیکن سرکاری طور پر سیکولر ہے اور اس کی تمام یونیورسٹیوں اور سرکاری عمارتوں میں سکارف لینے پر پابندی ہے۔

استنبول سے بی بی سی کی نامہ نگار سارہ رینسفورڈ کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے دور رس اثرات ہونگے اور اس کا ترکی کی ان ایک ہزار سے زائد خواتین پر بھی اثر پڑے گا جنہوں نے اس طرح کی درخواستیں دائر کی ہوئی ہیں۔