Thursday, 10 November, 2005, 12:59 GMT 17:59 PST
افغانستان میں مشتبہ باغیوں نے دو مختلف حملوں میں سات پولیس اہلکاروں سمیت نو افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔
قندھار کے گورنر کے مطابق مشتبہ طالبان نے پولیس اہلکاروں پر اس وقت حمل کر دیا تھا جب وہ شہر کے پاس سے گزر رہے تھے۔ یہ حملہ بدھ کے روز ہوا اور اس میں راکٹ استعمال کیے گئے۔
سات پولیس اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ دو لاپتہ ہیں۔
گورنر جان محمد خان نے بتایا کہ ’طالبان‘ نے پیر کے روز دو افراد کو ارزگان سے اغوا کیا جن کے لاشیں دو روز کے بعد ملیں۔
گورنر نے خبر رساں ایجنسی اے پی کو بتایا کہ حملہ آوروں نے ان افراد کو یہ سمجھتے ہوئے ہلاک کیا کہ یہ امریکہ کے لیے مترجم کا کام کرتے ہیں۔
اس سال افغانستان میں حکومت کے مخالفین کی طرف سے کارروائیاں تیز ہونے کے بعد چودہ سو افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
طالبان کے ایک ترجمان قاری یوسف نے کہا کہ حملہ انہوں نے کیا تھا۔