Tuesday, 01 November, 2005, 03:47 GMT 08:47 PST
عراق میں امریکی فوجی حکام نے بتایا کہ دو الگ وارداتوں میں چھ امریکی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
اکتوبر کے مہینے میں نوے سے زیادہ امریکی فوجی ہلاک کیے جا چکے ہیں جو جنوری کے بعد کسی ایک مہینے میں سب سے بڑی تعداد ہے۔
صدر بش کی طرف سے ڈھائی سال پہلے عراق میں جنگ کے خاتمے کے اعلان کے بعد اب تک عراق میں مزاحمت کاروں کے ہاتھوں دو ہزار امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔
ادھر عراق میں امریکی ہوائی حملوں کے بعد نزدیک کے شہر القائم کے ہسپتال میں ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ تیس سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے جن میں عورتیں اور
بچے بھی ہیں۔
عراق کے جنوبی شہر بصرہ میں ایک بم حملے میں بیس کے قریب افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس کے فوراً بعد ایک اور دھماکہ ہوا لیکن یہ واضح نہیں کہ یہ بھی بم تھا۔
نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ عید الفطر کے نزدیک یہ حملہ ایسے ماحول میں ہوا جب یہ سمجھا جا رہا ہے کہ سنی حملہ آوروں نے شیعوں کے خلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے۔