http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 28 October, 2005, 17:49 GMT 22:49 PST

عورتوں کے حقوق کے لئے جہاد پر زور

اسلام میں عورتوں کے حقوق کے موضوع پر ہونے والے پہلے عالمی اجلاس کے منتظمین نےکہا ہے کہ اسلام میں عورتوں کے حقوق کے حصول کے لئے جہاد کرنے کی ضرورت ہے۔

سپین کے شہر بارسلونا میں منعقد ہونے والے اس اجلاس کے منتظم عبدنور پرادو پاوون نے کہا ہے کہ مسلم ممالک میں مرد اور عورت کی برابری صرف اس وقت قائم ہوگی جب اسلام میں مرد کی برتری پر مبنی تشریح ختم ہوگی۔

منتظمین نے کہا ہے کہ اجلاس سپین میں اس لئے منعقد ہو رہا ہے کہ یورپ میں مسلم عورتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد تک ان کا یہ پیغام پہنچ سکے۔ اجلاس میں تقریباّ 300 اراکان شریک ہوئے۔

مسٹر پرادہ، جن کاتعلق سپین کے ایک علاقے کاٹلونیا کے اسلامی بورڑ سے ہے، سمجھتے ہیں کہ مغربی دنیا میں عام طور پر تصور کیا جاتا ہے کہ مسلم معاشروں میں عورت آزاد نہیں ہو سکتی۔

اسلام میں عورتوں کے حقوق کےلئے جدوجہد کرنے والے کارکن اس غلط تصور کو مسترد کرنے اور مسلم دنیا میں عورتوں کی حقیقی برابری کو یقینی بنانے کےلئے بارسیلونا آئے ہیں۔

شرکاء میں پاکستانی سماجی کارکن رفعت حسن بھی شامل ہیں جن کو اسلام میں عورتوں کے مقام پر تحقیق کا بانی تسلیم کیا جاتا ہے۔ ان کے علاوہ بین الاقوامی ادارہ ’اسلامی فیمینزم‘ کے نمائندے بھی موجود ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ مسلم ممالک میں عورتوں کا کم تر سماجی درجے کی وجہ یہ ہے کہ قران کی تشریح مردوں نے کی ہے۔

منتظمین نے کہا ہے کہ مغرب کے ساتھ زیادہ تعاون کی ضرورت ہے تاہم غیر مسلموں کو چاہئیے کہ وہ بھی اسلام کے بارے غلط تصورات ختم کریں۔