http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 21 September, 2005, 03:19 GMT 08:19 PST

نیو آرلینز کو اب ریٹا سے خطرہ

جنوبی امریکہ کے شہر نیو آرلینز سے ایک بار پھر اس آبادی کو باہر نکالا جا رہا ہے جو تین ہفتے پہلے کے سمندری طوفان کترینا کی تباہی کے بعد شہر میں واپس آنا شروع ہوئی تھی۔

شہریوں کو باہر لے جانے کے لیے پانچ سو بسیں نیو آرلینز پہنچ چکی ہیں۔

اس مرتبہ ریٹا نامی طوفان کی وجہ سے شہر کو خالی کرایا جا رہا ہے جو بڑی تیزی سے ہری کین یا سمندری طوفان کی شکل اختیار کر رہا ہے۔

یہ طوفان جنوبی فلوریڈا سے گزرتا ہوا خلیج میکسیکو کی جانب بڑھ رہا ہے۔

اس سے پہلے موصول ہونے والی اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ جنوبی فلوریڈا کے شہروں فورٹ لاڈرڈیل، میامی اور ’کی ویسٹ‘ کو ایک مرتبہ پھر شدید طوفان کا سامنا ہے۔

سمندری طوفان ریٹا کے خطرے کے پیشِ نظر ان علاقوں کے دسیوں ہزاروں رہائشیوں اور سیاحوں کو کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ یہ علاقے چھوڑ کر کسی محفوظ مقام پر چلے جائیں۔

فلوریڈا ٹرن پائک ایک ٹال ایکسپریں وے ہے جہاں سے ٹال ختم کر دیا گیا تھا تاکہ لوگ جلدی گزر سکیں۔

فلوریڈا ریاست کے گورنر، صدرِ امریکہ جارج بش کے چھوٹے بھائی، جیب بش نے ٹیلی وژن پر اپنے خطاب میں لوگوں سے اس طوفان کو سنجیدگی سے لینے کے لیے کہا ہے۔