Friday, 16 September, 2005, 04:13 GMT 09:13 PST
امریکہ کے صدر جارج بش نے وعدہ کیا ہے کہ امریکی حکومت سمندری طوفان سے متاثرہ علاقوں کو ازسرِ نو تعمیر کرنے کے لیے جو کچھ بھی اسے کرنا پڑا کرے گی۔
نیو اورلینز میں اپنے ایک خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ تعمیر پر اربوں ڈالر خرچے کیے جائیں گے جو کہ ’بلا نظیر بحران کا بلا نظیر ردِ عمل ہے‘۔
نیو اورلینز کے میئر رے نیگن نے کہا ہے کہ شہر کی تین ڈسٹرکٹ اگلے ہفتے کھول دی جائیں گی جبکہ اس کے ایک ہفتے کے بعد تاریخی فرینچ کوارٹر کو بھی کھول دیا جائے گا۔
تاہم سمندری طوفان کترینا سے 792 ہلاکتوں کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
صدر بش نے فرینچ کوارٹر سے یہ تقریر متاثرہ علاقے کے اپنے چوتھے دورے کے دوران کی۔
![]() | |
| سمندری طوفان سے گھروں کے گھر تباہ ہو گئے ہیں |
انہوں نے کہا کہ سارے متاثرہ علاقے میں ہمیں جو کچھ بھی کرنا پڑا ہم کریں گے۔ ’ہم اس وقت تک یہاں رہیں گے جب تک شہری اپنی زندگیاں اور آبادیاں ازسرِ نو بسا نہیں لیتے‘۔
انہوں نے اس بات کو تسلیم کیا کہ ان کی حکومت نے کترینا سے ہونے والی تباہی کے بعد مستعدی کا مظاہرہ نہیں کیا تھا۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے کابینہ کے ہر رکن سے کہا ہے کہ وہ ازسرِ نو جائزہ لینے کے عمل میں شرکت کرے۔
انہوں نے کہا کہ وہ عام سمندری طوفان نہیں تھا اور اس سے نمٹنے کے لیے عام سسٹم کافی نہیں تھا۔