http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 07 September, 2005, 18:30 GMT 23:30 PST

امریکی یرغمالی کو زندہ بچا لیا گیا

عراق میں امریکی فوج نے بتایا ہے کہ پچھلے سال اغوا ہونے والے امریکی ٹھیکے دار رائے ہیلمز کو با حفاظت بازیاب کر لیا گیا ہے۔

رائے ہیلمز کو پچھلے سال نومبر میں بغداد کے المنصور علاقے سے اغوا کیا گیا تھا۔ وہ ایک سعودی کمپنی میں ملازم تھے جو عراقی فوج کے لیے کیٹرنگ کا کام کر رہی تھی۔

جنوری میں عربی ٹی وی چینل الجزیرہ پر حراست میں لی گئی رائے ہیلمز کا ایک ویڈیو پیغام بھی نشر ہوا تھا جس میں انہوں نے عرب رہنماؤں سے رہائی کی اپیل کی تھی۔

فوج نے بتایا ہے کہ رائے ہیلمز کو بغداد سے تقریباً بچیس کلومیٹر جنوب میں واقع ایک فارم ہاؤس سے ایک مسلح چھاپے کے بعد نکالا گیا۔

فوج کا کہنا ہے رائے ہیلز کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے تاہم ان کی حالت ٹھیک ہے۔

امریکی کمپنی میں ملازم چار سکیورٹی کنٹریکٹر ہلاک
عراق میں ایک امریکی سکیورٹی کمپنی میں کام کرنے والے چارافراد بصرہ کے قریب ایک بم دھماکے میں ہلاک ہو گئے ہیں

یہ دھماکے سڑک کے قریب نصب کیے گئے بم سے ہوا۔ یہ افراد اپنی گاڑی میں ہوائی اڈے سے بصرہ جانے والی سڑک پر تھے۔

امریکی سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ چاروں افراد بصرہ میں امریکی کونسل خانے میں تعینات تھے اور ان کے بارے میں خیال ہے کہ یہ سب امریکی شہری ہیں۔

برطانوی فوج اس واقعہ کی تحقیق کر رہی ہے۔