http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 03 September, 2005, 18:33 GMT 23:33 PST

ویزا نہ دینے پر امریکہ کی مذمت

ایران نے اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک جانے والے ایرانی وفد کو ویزا نہ دینے پر امریکہ پر شدید تنقید کی ہے اور اسے غیر اخلاقی اور بدتریں قدم قرار دیا ہے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان حامد رضا آصفی نے کہا ہے کہ امریکہ نے ثابت کر دیا کہ وہ بین الاقوامی ادارے کی میزبانی کرنے کے لائق نہیں ہے۔

آصفی نے امریکہ کے اس اقدام کو بین الاقوامی سفارتی آداب کی توہین قرار دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو چاہیے کہ وہ بین الاقوامی اجلاسوں کے امریکہ میں انعقاد پر نظرثانی کرے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر غلام علی حدار عدل ان لوگوں میں شامل ہیں جن کو امریکہ نے ویزا دینے سے انکار کیا ہے۔

دریں اثنا واشنگٹن نے اس بات کا اشارہ دیا ہے کہ ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کو اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے ویزا جاری کر دیا جائے گا۔