http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 31 August, 2005, 07:35 GMT 12:35 PST

عراقی جنگ ویتنام سے مہنگی

امریکہ میں دو غیر سرکاری تحقیقاتی اداروں کی مشترکہ طور پر مرتب کی گئی رپوٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ عراق میں جنگ امریکی حکومت کو ویتنام جنگ سے زیادہ مہنگی پڑ رہی ہے۔

جنگ مخالف اداروں، انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی سڈی اور فارن پالیسی ان فوکس نے اس رپورٹ میں، جس کو’عراق کی دلدل‘ کا عنوان دیا گیا ہے، کہا ہے امریکی حکومت کو ہر مہینے پانچ عشاریہ چھ ارب ڈالر کے جنگی اخراجات اٹھانے پڑ رہے ہیں۔

اس رپورٹ میں ویتنام کی آٹھ سالہ جنگ کی آج کی قیمت پر ماہانہ اوسط نکالی گئی جو کہ پانچ عشاریہ ایک ارب ڈالر آئی۔

عراق میں ویتنام کے مقابلے میں امریکی فوج کی بہت کم تعداد تعینات ہے لیکن ان کو ویتنام جنگ میں حصہ لینے والے فوجیوں کی تنخواہ سے بہت زیادہ تنخواہ دی جا رہی ہے اور ان کے ہتھیار بھی بہت مہنگے اور جدید ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ ساٹھ سالوں میں لڑائی جانے والی جنگوں میں عراق کی جنگ سب سے زیادہ مہنگی جنگ ثابت ہو رہی ہے۔