Saturday, 13 August, 2005, 09:17 GMT 14:17 PST
امریکی خفیہ اداروں کے حکام نے ملک کی پولیس ایجنسیوں کو خبردار کیا ہے کہ القاعدہ امریکہ کے بڑے شہروں میں تیل کے ٹینکروں کو استعمال کرتے ہوئے حملے کر سکتی ہے۔
اس تنبیہ میں کہا گیا ہے کہ تیل سے بھرے ٹینکروں کو اغوا کرنے کے بعد پیٹرول پمپوں سے ٹکرایا جا سکتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق رپورٹ میں نیو یارک، شکاگو اور لاس اینجلس کو ممکنہ طور پر حملوں کے مقامات قرار دیا گیا ہے۔ تاہم ایف بی آئی کے حکام نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اس وارننگ کی وجہ بننے والی اطلاعات حتمی نہیں ہیں۔
کہا جا رہا ہے کہ ممکنہ حملے گیارہ ستمبر کے حملوں کی چوتھی برسی کے موقع پر کیے جاسکتے ہیں۔
بدھ کو لاس اینجلس پولیس کے لیے جاری کی گئی ایک یادداشت میں کہا گیا ہے کہ’ حملوں کے لیے نیویارک، شکاگو اور لاس اینجلس کو چنا گیا ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ حملے بیک وقت ہوں گے یا نہیں‘۔
اس یادادشت میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تیل کے ٹینکروں کو اغوا کرنے کا منصوبہ ساز امریکہ میں موجود القاعدہ کے چھوٹے گروہ ہو سکتے ہیں۔