Friday, 05 August, 2005, 07:54 GMT 12:54 PST
لندن میں گرفتار کی جانے والی دو بہنوں کو جمعرات اکیس جولائی کے ناکام حملوں کے بارے میں معلومات کو چھپائے رکھنے کے الزام میں دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ اڑتیس کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
لندن میں سٹاک ویل کے علاقے سے گرفتار کی جانے والی اٹھائیس اور اکیس سالہ ان بہنوں کو جمعہ کو بو سٹریٹ مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
ان ناکام بم حملوں میں مبینہ طور پر ملوث ایک اور شخص تیئس سالہ اسماعیل عبدالرحمان کو گزشتہ روز ریمانڈ پر پولیس کے حوالےکر دیا گیا تھا۔
اسماعیل پر بھی ایک حملہ آوور کے بارے میں معلومات کو چھپائے رکھنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
دو مختلف پتوں سے گرفتار کی جانے والی ان بہنوں پر الزام ہے کہ وہ اکیس سے اٹھائیس جولائی کے دوران کسی وقت پولیس کو معلومات فراہم کر کے دہشت گردی کی سازش کرنےیا دہشت گردی پر اکسانے یا دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ایک مجرم کی گرفتاری اور سزا دلوانے میں عملی مدد دے سکتی تھیں۔
اسماعیل عبدالرحمان کو شیپرڈ بش میں ناکام واردات کا مبینہ طورپر علم تھااور ان ہی الزامات کے تحت ان پر مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔
جمعرات کو مجسٹریٹ کے سامنے ہونے والی سماعت جو صرف دس منٹ جاری رہی اسماعیل کو صرف اپنا نام لینے کا موقع ملا۔
ڈسٹرک جج ٹموتھی ورکمین نے اسماعیل کو گیارہ اگست تک ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
پندرہ افراد لندن کے ناکام بم حلموں کے بارے میں تفیتیش کے سلسلے میں پولیس کی زیر حراست ہیں۔