Wednesday, 03 August, 2005, 16:22 GMT 21:22 PST
امریکہ نے اپنے بڑھتے ہوئے قرضوں کو کم کرنے کے لیے اگلے برس سے تیس سالہ بانڈز کا دوبارہ اجراء کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عراق اور افغانستان میں جاری کارروائیوں اور وہاں پر تعینات افواج کے علاوہ اندرونی طور پرصحت اور فلاح کے کاموں پر ہونے والے اخراجات کی بنا پر امریکی حکومت کے قرضوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
ان اخراجات کو پورا کرنے کے لیے امریکی وزارت خزانہ دو ارب ڈالر روزانہ کے حساب سے قرضے حاصل کر رہی ہے۔
نامہ نگاروں کو کہنا ہے کہ بانڈز کا دوبارہ اجراء اس بات کا اعتراف ہے کہ امریکہ کو اپنے اخراجات کو پورے کرنے کے لیے دوسرے ذرائع سے قرضے درکار ہیں۔
چار سال قبل امریکی حکومت نے لمبی مدت کے بانڈز جاری کرنا بند کردیے تھے۔ اس وقت امریکی معیشت بہتر تھی اور اس کو فاضل بجٹ دستیاب تھا۔