http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 03 August, 2005, 07:26 GMT 12:26 PST

عراق میں امریکی صحافی قتل

عراق کے شہر بصرہ میں پولیس نے بتایا ہے کہ نامعلوم افراد نے ایک امریکی صحافی سٹیون وینساں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔

وینساں اور ان کی عراقی مترجم کو منگل کو بصرہ سے مسلح افراد نے اغوا کر لیا تھا۔ اغوا کے چند گھنٹے بعد ان کی لاش ایک سڑک کے کنارے ملی اور اس میں گولیوں کے نشان تھے۔

لیفٹیننٹ کرنل کریم الزیدی کے مطابق ’صحافی اور ان کی مترجم دونوں کو گولیاں ماری گئی تھی لیکن مترجم بچ گئیں‘۔

سٹیون وینساں بصرہ کے بارے میں کتاب پر کام کر رہے تھے۔ وہ دو ماہ سے بصرہ میں تھے اور جریدے کرسچن سائنس مانیٹر اور اخبار نیو یارک ٹائمز کے لیے بھی کام کرتے تھے۔

وینساں کے سر اور جسم میں کئی گولیاں ماری گئیں تھیں۔

امریکی اہلکار برطانوی فوج اور عراقی حکام کے ساتھ مل کر قاتلوں کا پتہ چلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔