http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 31 July, 2005, 01:31 GMT 06:31 PST

اسرائیل ویٹیکن تعلقات میں تناؤ

اسرائیل اور ویٹیکن کے درمیان تلخ بیانات کے تبادلے سے یہودی ریاست اور عیسائیوں کے کیتھولک فرقے کے کلیسیا کے نازک سفارتی تعلقات کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔

اسرائیل اور ویٹیکن کے درمیان یہ کشدیگی کچھ ان کہے الفاظ کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے۔

کیتھولک فرقے کے پوپ بینیڈک نِے دہشت گردی سے متاثرہ ملکوں کے بارے میں ایک بیان دیتے ہوئے اسرائیل کا نام نہیں لیا تھا۔ اسرائیل نے یروشلم میں ویٹیکن کے سفیر کو طلب کرکے پوپ کے بیان پر احتجاج کیا تھا۔

اس کے ردعمل میں ویٹیکن نے ایک غیر معمولی تلخ بیان جاری کیا تھا جس میں اسرائیل پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیاں کرنے کا الزام لگایا تھا اور کہا تھا کہ ویٹیکن کو اپنی رائے کا اظہار کرنے کی آزادی حاصل ہے۔

اس بیان میں کہا گیا تھا کہ اسرائیل کے خلاف ہونے والے ہر حملے کی مذمت کرنا ممکن نہیں ہوتا۔ اس بیان میں مزید کہا گیا کہ حملوں کے خلاف اسرائیل کا ردعمل اکثر بین الاقوامی قوانین سے مطابقت نہیں رکھتا۔

اسرائیل کی وزارتِ خارجہ نے کہا تھا کہ پوپ کا بیان اسرائیل کے خلاف ہونے والے حملوں کو جائز قرار دینے کے مترادف ہے۔

اسرائیل نے ان بیانات پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سفارتی کشیدگی سے ظاہر ہوتا ہے کہ ویٹیکن کی اسرائیل کے بارے میں پالیسی تبدیل ہو رہی ہے اور اس سے دنوں کے درمیان بہتر ہوتے ہوئے تعلقات مثاتر ہو سکتے ہیں۔

ویٹیکن کے سفارت کاروں اس کشیدگی کو دبانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

روم میں پاپائے اعظم کےعرب اور اسلامک سٹڈی کے انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر نے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ پوپ نے جان بوجھ کر اسرائیل کا نام اپنے بیان سے حذف نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس بیان سے کوئی تنازعہ کوہوا دینا غلط ہو گا۔ اسرائیل اور ویٹیکن میں انیس سو چورانے میں سفارتی تعلقات قائم ہوئے تھے جب اسرائیل نے اوسلو کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

انیس سو سڑسٹھ میں حضرت عیسٰی کی جائے پیدائش بیت اللحم پر
اسرائیل کا قبضہ اور اس کے علاوہ جرمنی میں یہودیوں کے قتل عام کے دوران کلیسیا کے کردار پر بھی دونوں کے درمیان کشیدگی رہی ہے۔

بی بی سی کے سفارتی نامہ نگار کا کہنا ہے کہ ویٹیکن اس اسرائیل اور فلسطین کے مسئلے کے بارے میں نہایت محتاط رویہ رکھتاہے۔ ویٹیکن جب اسرائیل کے خلاف حملوں کی مذمت کرتا ہے وہ فلسطینوں کو بھی بے گھر لوگ کہتا ہے۔