Thursday, 21 July, 2005, 12:57 GMT 17:57 PST
لندن میں چھوٹے دھماکوں کی اطلاع کے بعد تین انڈرگراونڈ سٹیشنوں کو خالی کرا لیا گیا ہے۔ابھی تک ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع کی تصدیق ہوئی ہے۔
پولیس نے وارن سٹریٹ، اوول ، اور شیپرڈز بش کے سیٹشنوں کو جانے والے تمام راستے بند کر دیئے ہیں۔
لندن پولیس کے سربراہ سر این بلیئر نے کہا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق چار دھماکے ہوئے ہیں یا شاید چار دھماکے کرنے کی کوشش کی گئی ہے جن کی شدت سات جولائی کے بم دھماکوں سے کافی کم ہے۔ متاثر ہونے والوں کی تعداد کافی کم بتائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس صورتِ حال سے نمٹ رہی ہے اور لوگوں سے کہا گیا ہے کہ فی الوقت وہ جہاں ہیں وہیں قیام کریں۔ پولیس کے سربراہ نے جمعرات کو ہونے والے ان چار دھماکوں کو ’کافی سنگین‘ قرار دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ہیکنی کے قریب چلنے والی ڈبل ڈیکر بس کے اوپر والے حصے پر دھماکے کی وجہ سے کھڑکیاں ٹوٹ گئیں ہیں۔کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
لندن پولیس کا کہنا ہے کہ ان واقعات کو بڑا تصور نہیں کیا جا رہا ہے۔
سٹیج کوچ بس کمپنی کے ترجمان نے کہا ہے کہ بس نمبر 26 کے ڈرائیور نے بتایا ہے کہ بس جب شورڈچ کے علاقے سے گذر رہی تھی تو اس کے اوپر ر والے حصے میں دھماکہ کی آواز سنائی دی۔ ڈرائیور جب اوپر گیا تو کھڑکیاں ٹوٹ چکی تھیں ۔
شیپرڈ بش سٹیشن پر پولیس نے بتایا کہ ایک شخص اپنے آپ کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دینے کے بعد وہاں سے بھاگ گیا۔
مزید تفصیلات آ رہی ہیں
urduonline@bbc.co.uk