Friday, 15 July, 2005, 09:57 GMT 14:57 PST
عزہ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس اور فلسطینی انتظامیہ کے سکیویرٹی افواج کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔
غزہ شہر میں ہونے والی ان جھڑپوں میں دو عام شہری ہلاک اور کم سے کم بیس زخمی ہو گئے ہیں۔
اس سے پہلے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات اسرائیلی ہیلی کاپٹروں نے غزہ میں تین زحصوص نشانوں پر فضائی حملے کیےتھے۔
حماس اور فلسطینی پولیس کے درمیان جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب پولیس نے عسکریت پسندوں کو اسرائیلی نشانوں پر راکٹ داغنے سے روکنے کی کوشش کی۔
غزہ میں بی بی سی کے نامہ نگار نے بتایا کہ حماس او پولیس کے درمیان فائرنگ جمعہ کی صبح کئی گھنٹوں تک جاری رہی۔
فلسطینی صدر محمود عباس پر اسرائیل اور بین الاقوامی برادری کا دباؤ ہے کہ وہ اسرائیل پر ایسے حملوں کو روکیں۔
جمعرات کو اسرائیل پر کیے گئے راکٹ حملے کے بعد ان پر یہ دباؤ اور بڑھ گیا۔