Monday, 11 July, 2005, 07:53 GMT 12:53 PST
مسلح افراد نے بغداد کے شمال میں عراقی فوج کی ایک حفاظتی چوکی پر حملہ کر کے سات عراقی فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
عراقی فوج کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ نصف گھنٹے تک جاری رہنے والی فائرنگ میں ایک شہری سمیت تین افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
یہ حملہ عراقی دارالحکومت سے پینسٹھ کلومیٹر دور بعقوبہ کے نزدیک واقع خلیس نامی قصبے میں علی الصبح کیا گیا۔
گزشتہ ماہ بھی خلیس نامی اس قصبے میں فوجی وردی میں ملبوس ایک خود کش حملہ آور نے ایک فوجی اڈے کی کینٹین میں دھماکے سے خود کو اڑا دیا تھا جس سے بیس فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔
مئی میں عراقی حکومت کی حلف برداری کے بعد سے عراق میں اس قسم کے حملوں میں تیزی آ گئی ہے اور اکثر ایسے حملوں کا نشانہ عراق کی حفاظتی افواج ہی بنتی رہی ہیں۔
اس سے قبل اتوار کو ایک خود کش حملہ آور نے فوجی بھرتی کے مرکز کے باہر کھڑے افراد کے درمیان خود کو اڑا دیا تھا جس سے بیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
اس کے علاوہ کرکک اور موصل میں ہونے والے دیگر خود کش حملوں میں بھی کم از کم چھ افراد جاں بحق ہوئے تھے۔