Friday, 08 July, 2005, 06:32 GMT 11:32 PST
لندن میں کام کرنے والے اور یہاں آئے ہوئے سینکڑوں افراد نے بم حملوں کے بعد ٹریفک کا نظام درہم برہم ہونے کی وجہ سے جمعرات کی رات شہر کے ہوٹلوں میں بسر کی۔
بی بی سی کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق کئی ہوٹلوں نے اپنے ہوٹلوں کے کرایوں میں دوگنا اضافہ کر دیا۔
شہر میں پھنسے ہوئے لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ ہوٹلوں نے بم حملوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مسافروں سے زیادہ پیسے لے کر زیادتی کی ہے۔
لاسٹ منٹ ڈاٹ کام نے لوگوں کو خبردار کیا تھا کہ بم حملوں کے بعد ہوٹلوں کے کرائے بڑھ سکتے ہیں۔
ٹریڈنگ سٹینڈرڈ انسٹیٹیوٹ کے ترجمان نے کہا ہے کہ دہشت گرد حملوں کے بعد ہوٹلوں کا ریٹ بڑھانا ایک قابلِ مذمت فعل ہے۔
برٹش ہوسپیٹیلیٹی ایسوسی ایشن کے ترجمان نے ہوٹلوں کے ریٹس بڑھنے پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔
شہر میں کام کرنے والے کئی افراد نے کہا ہے کہ انہیں اس بات کا بڑا دکھ ہے کہ ہوٹلوں نے ایسا کیا۔ ہزاروں افراد نے شہر کے مہنگے ہوٹلوں میں رات گزارنے کی بجائے گھنٹوں پیدل چلنے کو ترجیح دی۔