Saturday, 25 June, 2005, 21:18 GMT 02:18 PST
عراق میں سیکیورٹی حکام پر حملوں کے مختلف واقعات میں کم سے کم تئیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
عراق کے شمالی شہر سمارا میں ایک پولیس اہلکار کے گھر کے باہر بم پھٹنے سے گیارہ افراد ہلاک ہوئے۔ موصل میں چار پولیس والے ایک خودکش حملے کا شکار ہو گئے۔ تاہم پولیس اہلکار اس حملے میں بچ گیا۔
اس سے قبل رمادی میں آٹھ پولیس اہلکاروں کی لاشیں ملی تھیں جنہیں مسلح افراد نے ایک حملے میں ہلاک کیا تھا۔
موصل کے قریب ایک قصبے سے عراق فوج اور مزاحمت کاروں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
سمارا میں کاروں میں سوار مسلح افراد نے ایک گھر کے باہر سڑک پر قبضہ کر لیا۔ ان لوگوں کے درمیان سے ایک خودکش حملہ آور گاڑی چلاتا ہوا آیا اور دھماکہ کر دیا جس سے نو شہری ہلاک اور سولہ زخمی ہو گئے۔
اسی واقعے میں دو خودکش حملہ آور ہلاک ہو گئے جو بظاہر امدادی کارروائی کے لیے آنے والے افراد کو نشانہ بنانا چاہ رہے تھے۔
موصل میں ایک خود کش حملہ آور نے شہر کے جنوب مغرب میں ایک پُل پر پولیس کارواں پر حملے کر کے چار پولیس والوں کو ہلاک کیا۔