http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 18 June, 2005, 11:40 GMT 16:40 PST

قندھار کےایک ضلع پر طالبان کا قبضہ

طالبان کے حامی جنگجوؤں نے افغانستان کے جنوب میں ایک ضلع پر قبضہ کر کے پچیس افغان فوجیوں کو یرغمال بنالیا ہے۔

ان جنگجوؤں نے جمعہ کی رات کو قندھار صوبے میں میاناشین ضلع پر حملہ کیا تھا۔ اس حملے میں ضلعی انتظامیہ کے سربراہ کو بھی یرغمال بنالیا گیا ہے۔

نامہ نگاروں کے مطابق میانا شین قندھار کا دور افتادہ ضلع ہے جو زابل اور ارزگان کے صوبوں کی سرحد پر واقع ہے۔ یہ علاقہ طالبان کی سرگرمیوں کا مرکز ہے اور یہاں طالبان اکثر حملے کرتے رہتے ہیں۔

صوبائی پولیس کے نائب سربراہ جنرل سلیم خان نے فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایا کہ پولیس اہلکاروں کو ایک قافلے پر حلمے کے دوارن یرغمال بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یرغمال ہونے والے پولیس اہلکاروں سے سیٹلائیٹ فون کے ذریعے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن ان کی طرف سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

انہوں نے ان خبروں کی بھی تردید کی کہ میانا شین کے ضلع پر طالبان نے قبضہ کر لیا ہے۔