Friday, 17 June, 2005, 01:54 GMT 06:54 PST
امریکی کانگریس ارکان کا ایک گروپ عراق پر حملے کے وقت کے بارے میں صدر بش کے فیصلے کے بارے میں تحقیق کر رہا ہے۔
یہ تحقیق ایک ایسے برطانوی میمو کے انکشاف کے بعد شروع کی گئی ہے جس سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ صدر بش عراق پر حملے کا فیصلہ اصل حملے سے آٹھ ماہ قبل ہی کر چکے تھے۔
اس سلسلے میں پبلک فورم میں ایک سو ڈیموکریٹس ارکان حصہ لیں گے اور اور وائٹ ہاؤس سے مطالبہ کریں گے کہ اس برطانوی میمو کی وضاحت کی جائے۔
صدر بش اس بات کی تردید کرتے ہیں کہ انہوں نےصدام پر حملے کا فیصلے قبل از وقت کر لیا تھا۔
ڈاؤننگ اسٹریٹ کے 23 جولائی سن دو ہزار تین کے اس مبینہ میمو کی اشاعت برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز میں ہوئی ہے اور اخبار کا کہنا ہے کہ اسے یہ میمو برطانوی دفتر خارجہ کے ایک سابق معاون سے حاصل ہوا ہے۔
اس میمو میں برطانوی وزیرِخارجہ جیک سٹرا کے حوالےسے کہا گیا ہے کہ صدر بش فوجی کارروائی کے لیے ذہن بنا چکے ہیں، اگرچہ ابھی وقت کا تعین نہیں کیا گیا۔
اخبار سنڈے ٹائمز ہی میں اس ہفتے شائع ہونے والے ایک اور میمو سے برطانوی وزرا سے یہ کہے جانے کا بھی انکشاف ہوتا ہے کہ اب اس کے سوا کوئی چارہ نہیں کہ عراق کے خلاف جنگ کا قانونی جواز تلاش کیا جائے۔