http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 28 May, 2005, 01:01 GMT 06:01 PST

قرآن کی مبینہ بےحرمتی پر مظاہرے

خلیج گوانتانامو کے امریکی قید خانے میں قرآن مجید کی مبینہ بے حرمتی کے خلاف پورے عالم اسلام میں ہونے والے مظاہروں میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی ہے۔

پاکستان، مصر، لبنان، اور ملایشیاء میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں لوگوں نے امریکی حکومت سے معافی مانگنے کا اور ذمہ دار افراد کو سزا دینے کے مطالبات کیے ہیں۔

تاہم کیمپ ایکسرے کے کمانڈر نے کہا ہے کہ ان الزامات کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں کہ امریکی گارڈ ز نے قیدیوں کو ذہنی اور روحانی اذیت پہنچانے کے لیے قرآن مجید کے ایک نسخے کو بیت الخلا میں بہا دیا تھا۔

قرآن شریف کی مبینہ بے حرمتی کے ان واقعات کی خبر پہلے امریکی جریدے نیوزویک میں شائع ہوئی تھی۔ تاہم اخبار نے بعد میں اس خبر پر معذرت کی تھی اور اپنی خبر واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔

لبنان میں مظاہرین نے سڑکوں پر دھرنا دیا اور ’امریکہ سب سے بڑا شیطان ہے کہ نعرے لگائے۔

پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد، کوئٹہ اور کئی دوسرے شہروں میں مظاہرے ہوئے اور لوگوں نے صدر بش کے پتلے جلائے۔