Tuesday, 24 May, 2005, 21:21 GMT 02:21 PST
ایک عربی ویب سائٹ نے مبینہ طور پر القاعدہ کے ایک گروپ کا بیان جاری کیا ہے جس میں القاعدہ کے انتہائی مطلوب رہنما ابومصعب الزرقاوی کے زخمی ہونے کا ذکر کرتے ہوئے مسلم امّہ سے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی گئی ہے۔
اس بیان کے درست ہونے یا نہ ہونے کی تصدیق نہیں ہو سکی اور بغداد میں امریکی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل سٹیو بوائے لینڈ نے کہا ہے کہ انہیں مسٹر زرقاوی کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔
سلامتی کے امور کے لیے بی بی سی کے نمائندے کا کہنا ہے کہ یہ بیان گروپ کی عمومی ویب سائٹ پر شائع نہیں کیا گیا لیکن اس کی زبان گروپ کے بالکل سابقہ بیانات جیسی ہے۔
ابو مصعب الزرقاوی مبینہ طور پر عراق میں سر قلمی اور اغواء کی متعدد وارداتوں اور عراقیوں پر حملوں کے ذمہ دار گردانے جاتے ہیں۔