http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 05 May, 2005, 02:15 GMT 07:15 PST

غرب اردن سے انخلاء میں تعطل

اسرائیل نے فلسطینی سیکیورٹی اداروں کے سربراہ کی طرف سے ہتھیار بند فلسطینی تنظیموں کو غیرمسلح کرنے سے انکار کے بعد مقبوضہ غرب اردن کے شہروں کو فلسطینی کنٹرول میں دینے کا عمل غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا ہے۔

اسرائیلی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ غربِ اردن کے تین شہروں کو فلسطینی انتظامیہ کے سپرد کرنے کا معاملہ اس وقت تک موخر کر دیا جائے جب تک فلسطینی حکام شدت پسند تنظیموں کو غیر مسلح نہیں کرتے۔

بتایا جاتا ہے کہ کابینہ نے یہ فیصلہ وزیر دفاع شاؤل موفاظ کے مشورے پر کیا ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم نے غرب اردن کے پانچ شہر فلسطینیوں کے حوالے کرنے پر اتفاق کیا تھا لیکن ابھی تک صرف جیریکو اور تولکرم ہی فلسطینی انتظامیہ کے حوالے ہو سکے ہیں۔

اسرائیل فلسطینیوں پر الزام لگاتا ہے کہ وہ شدت پسندوں کو غیر مسلح نہیں کر رہے اور فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ اسرائیل اپنے وعدے پورے نہیں کر رہا ہے۔

دوسری جانب مقبوضہ غرب اردن کے شہر رملہ میں دو فلسطینی لڑکے اس وقت اسرائیلی فوج کے ہاتھوں مارے گئے جب فلسطینی متنازعہ فصیل کی تعمیر کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔