Saturday, 16 April, 2005, 07:08 GMT 12:08 PST
امریکی وزیر خارجہ کونڈولیزا رائیس نے کہا کہ اگر اقوام متحدہ نے اپنے کام کرنے کے طریقے میں اصلاحات نہ کیں تو وہ عالمی سیاست میں فعال کردار نہیں ادا کر سکے گی۔
امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب تسلیم کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ میں ’کچھ چیزیں ٹھیک ہونے والی ہیں‘۔
انہوں نے اقوام متحدہ میں امریکہ کے نئے سفیر جان بولٹن کا ذکر کیا جو اس عالمی ادارے پر تنقید کرتے آئے ہیں۔ جان بولٹن نے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ میں احتساب پر زور دیں گے۔
کونڈولیزا رائیس نے ایک ایسے وقت میں اقوام متحدہ پر تنقید کی ہے جب اس کو پہلے ہی عراق میں تیل کے بدلے خوراک کے پروگرام میں بد عنونیوں اور افریقہ میں اس کے ان مشن میں شامل اہلکاروں کی طرف سے جنسی زیادتیوں کے سکینڈلوں کا سامنا ہے۔