http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 30 March, 2005, 06:52 GMT 11:52 PST

کوفی کا استعفی دینے سے انکار

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کوفی عنان نے ایک آزادنہ انکوئری کے بعد یہ ثابت ہونے پر کہ انہوں نے اپنے بیٹے کی کمپنی کے خلاف پوری طرح تحقیقات نہیں کراوئیں اپنا استعفی پیش کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ سے ثابت ہو گیا ہے کہ سیکریٹری جنرل نےسوئٹرزر لینڈ کی کمپنی کوٹیکنا کے خلاف جس میں ان کا بیٹا کوجو عنان بھی ملازم تھا، عراق کے لیے اقوام متحدہ کے تیل برائے خوارک اور ادویات کے پروگرام میں مبینہ بدعنوانیوں کی پورے طور پر تحقیقات نہیں کراوئیں۔

کوٹیکنا کو اقوام متحدہ کے عراق کے بارے میں تیل برائے خوراک پروگرام کے تحت کیے جانے والے سودوں کی نگرانی کرنے کا ٹھیکہ دیا گیا تھا۔
تاہم اس انکوائری نے کوفی عنان کو براہ راست کسی بدعنوانی میں ملوث نہیں پایا۔
کوجو عنان کوٹیکنا میں ملازم تھے

کوفی عنان کے چیف آف اسٹاف مارک میلوک براؤن نے کہا کہ سیکریٹری جنرل نے اعتراف کیا ہے کہ اس کمپنی کے خلاف پورے طور پر تحیقیق نہ کروانا ان کی غلطی تھی۔

انہوں نے کہا ہے کہ تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ سے اقوام متحدہ میں مجوزہ اصلاحات میں مدد ملے گی۔

رپورٹ میں کوجو عنان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے دانستہ طور پر اپنے والد کو اس کمپنی سے اپنے تعلقات کی نوعیت کے بارے میں اندھیرے میں رکھا۔