http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 09 March, 2005, 04:39 GMT 09:39 PST

عراقی تشدد میں 23 ہلاک

بغداد کے مرکز میں ایک زور دار دھماکہ ہوا ہے جس سے وزارت زراعت کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے اور کئی عمارتوں کو آگ لگ گئی۔ اس واقعہ کے نتیجے میں تین افراد کے ہلاک اور بیس کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

اس کے علاوہ شام کی سرحد کے قریب عراق کے شمال مغربی شہر القائم سے انیس شہریوں کی لاشیں ملی ہیں۔ القائم کے ہسپتال کے ذرائع کے مطابق، ان عراقیوں کے سروں میں گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق دو خود کش حملہ آوروں نے جو کوڑا اکھٹا کرنے والے ٹرک میں سوار تھے، وزارت زراعت کی عمارت کےقریب حملہ کیا جہاں کئی ہوٹل موجود ہیں۔ دھماکے سے اردگرد کی عمارتیں ہل گئیں اور پورا علاقے پر دھواں چھا گیا۔

دھماکہ کے فوراً بعد خود کار اسلحہ سے فائرنگ شروع ہو گئی جس کی آوازیں دیر تک سنائی دیتی رہیں۔

دھماکہ اس ہوٹل کے پاس ہوا جہاں عراقی پولیس اہلکار اور ان کے غیر ملکی انسٹرکٹر رہائش پذیر تھے۔