Tuesday, 08 March, 2005, 07:44 GMT 12:44 PST
چین نے پہلی بار ایک ایسا قانون متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق تائیوان کی چین میں شمولیت کی پرامن کوششوں میں ناکامی کی صورت میں وہ طاقت کا استعمال کر سکتا ہے۔
چین تائیوان کو اپنا حصہ تسلیم کرتا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اگر تائیوان نے خودمختاری حاصل کرنے کی کوشش کی تو وہ اس پر حملہ کر دے گا۔
اس نئے قانون کے تحت ہانگ کانگ کی طرز پر ’ ایک ملک، دو نظام‘ کے تحت تائیوان کو چین میں شامل کیے جانے کی بات کی گئی ہے۔
تائیوان کے عوام پہلے ہی اس قانون کو رد کر چکے ہیں اور ہزاروں تائیوانی باشندوں نے اس قانون کے متعارف کروائے جانے پر مظاہرے بھی کیے ہیں۔
یہ قانون کئی ماہ تک خفیہ رکھا گیا تھا۔ اس قانون کے متن میں کسی قسم کی تفصیلات مہیا نہیں کی گئی ہیں اور صرف یہ واضح ہے کہ چین آخری حربے کے طور پر تائیوان کے خلاف طاقت کا استعمال کر سکتا ہے۔
یہ بل چینی پارلیمان کے اگلے ہفتے ہونے والے اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا جہاں سے اس کی واضح اکثریت سے منظوری کی امید کی جا رہی ہے۔