Friday, 04 March, 2005, 11:50 GMT 16:50 PST
مشہور پاپ سٹار مائیکل جیکسن کے خلاف بچے کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام میں ہونے والی سماعت کے دوران مدعی بچے کی بہن نے عدالت کو آنکھوں دیکھا حال بتاتے ہوئے کہا کہ مائیکل جیکسن نے اپنے رینچ پر اس کے بھائی کو شراب پلائی تھی۔
لڑکی کے مطابق مائیکل جیکسن نے اس کے بھائی سمیت دو مزید چھوٹے لڑکوں کے ساتھ شراب نوشی کی۔
لڑکی نے مزید بتایا کہ مائیکل جیکسن کے ساتھیوں نے اس کے گھر والوں کو اس وقت علیحدگی میں لے جا کر ان پر دباؤ ڈالا جب استغاثہ نے لڑکی کے بھائی کے ساتھ زیادتی کا دعویٰ دائر کیا تھا۔
تاہم عالمی شہرت یافتہ پاپ گلوکار، چھیالیس سالہ مائیکل جیکسن نے بچوں کے ساتھ زیادتی کے دس الزامات اور بچوں کو حبسِ بےجا میں رکھنے کی تردید کی ہے۔
اگر یہ تمام الزامات درست ثابت ہو جاتے ہیں تو مائیکل جیکسن کو اکیس برس تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
جمعرات کی صبح عدالت کو ایک وڈیو فلم دکھائی گئی جس میں پولیس کو نومبر 2003 میں جیکسن کے رینچ پر چھاپہ مارتے دکھایا گیا ہے۔ اس وڈیو میں گلوکار کے کمرے کے علاوہ دو دیگر کمروں کے مناظر بھی شامل ہیں جو کھلونوں اور گڑیوں سے بھرے نظر آ رہے ہیں۔